کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ ‘‘میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال آئینی ترامیم پر پیپلز پارٹی کا مسودہ سامنے آگیا وفاقی آئینی عدالت کا قیام بھی شامل ،مجوزہ آئینی ترامیم پر آپ کی رائے کیا ہے “ کے جواب میں تجزیہ کار بےنظیر شاہ ،ارشاد بھٹی ،مظہرعبا س اور اعزاز سید نے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں کا اپنا ڈرافٹ عوام کے سامنے رکھنا اچھی پیشرفت ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کا آئین کی تشکیل میں ایک بہت بڑا حصہ ہے ،لانگ ٹرم میں آئینی ترمیم کا فائدہ ہے ، ٹائمنگ کی بھی اپنی اہمیت ہوتی ہے،اچھا ہو کہ ایک مشترکہ ڈرافٹ بنے جس پر سب کا اتفاق ہو ۔ تجزیہ کار بے نظیر شاہ نے کہاکہ پچھلے کچھ دنوں میں ایک اچھی ڈیولپمنٹ ہوئی ہے وہ یہ کہ سیاسی جماعتیں اپنا ڈرافٹ پبلک کررہی ہیں ایسا نہیں ہوا جیسا پہلے ہوا کہ جلد بازی میں بل پاس کرائے گئے اور اب لگ یہ رہا ہے کہ جے یو آئی ایف کی طرف سے بھی ڈرافٹ پبلک کیا جائے گا جبکہ حکومت کا ڈرافٹ بھی پبلک کیا جائے گا اور اس کا کریڈٹ جاتا ہے سول سوسائٹی وکلاء اور میڈیا کو میڈیا سوشل میڈیا پر بحث ہوئی شور مچا کہ کوئی شفافیت ہونا چاہئے اور اس کی وجہ سے آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی جماعتیں اپنا ڈرافٹ عوام کے سامنے رکھ رہی ہیں ۔اعزاز سید نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی تجاویز پر میں ان کی تعریف کئے بنا رہ نہیں سکتا اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا آئین کی تشکیل میں ایک بہت بڑا حصہ ہے ۔انہوں نے کہا آئینی ترمیم کی ٹائمنگ پر اعتراض ہوسکتا ہے۔