کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم پر اپنی حمایت کے لئے حکومت سے بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ دینے اور انہیں مکمل اختیارات دینے کا مطالبہ کردیا،ہفتے کو اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ایم کیو ایم نے آرٹیکل 140اے کی ترمیم سے متعلق جمع شدہ مسودہ وزیراعظم کو پیش کیا جس پر بات چیت کے لئے حکومت کا ایک وفد اتوار کو ایک بجے دن پاکستان ہائوس آئے گا، حکومتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ اور دیگر شامل ہوں گے،ہفتے کو وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار،امین الحق اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری شامل تھے،حکومت کی طرف نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللّٰہ، احسن اقبال اور وفاقی وزیر قانون موجود تھے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم پر بات چیت ہوئی، اس بارے میں مزید بات چیت پر اتفاق کیا گیا۔ ایم کیو ایم وفد نے آئینی ترمیم کی حمایت کےلیے ملک بھر کے بلدیاتی اداروں کےلیے اختیارات مانگ لیے۔ایم کیو ایم وفد نے مطالبہ رکھا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ہمارے مسودے کو ترمیم کا حصہ بنایا جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار، اسپیکر ایاز صادق، احسن اقبال، رانا ثناء اور سعد رفیق کو مشاورت کےلیے ذمے داری سونپ دی ہے۔ ن لیگ کا وفد نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں پاکستان ہائوس آئے گا۔ ایم کیو ایم اور حکومتی وفد کی ملاقات میں بلدیاتی اداروں سے متعلق مسودے پر گفتگو کی جائے گی، ن لیگی وفد اتوار کوحکومتی اتحاد جماعت کی قیادت کو اعتماد میں لے گا۔