کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت میں ایئر پورٹ کے قریب خود کش بم دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی۔ ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ خودکش دھماکا پاکستان اور چائنہ کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیدیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے ابتدائی اطلاعی رپورٹ عدالت میں پیش کرد ی۔ رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی کو ملوث قرار دیدیا گیا، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا، نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چائنیز باشندوں کی کانوائے کی گاڑیوں کے قریب لاکر بلاسٹ کیا، خودکش دھماکا آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا، پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی، موقع پر دیکھا کہ پولیس ، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے، دھماکے میں دو چائنیز باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے، دھماکے میں وقار، الیاس، نعیم، رانو خان، عظیم، طارق، علی، حمزہ، صبیح سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے، خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کرلی ہے، دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں، واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ قتل، اقدام قتل، حملہ، دھماکہ خیز مواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے۔