کراچی (جنگ نیوز )جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کی لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں سلنڈر حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4افراد کے اہلخانہ سےان کی رہائشگاہ پر ملاقات ،ان سے اظہار تعزیت کیا، مرحومین کیلئے دعا کی اور ہر ممکن مدد کا وعدہ بھی کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے ہی اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بھی گیس فراہم نہیں کرپارہی ہے، لوگ غیر معیاری سلنڈرز استعمال کرنے پر مجبور ہیں ، ایسے میں حادثات کا رونما ہونا معمول بنتاجارہا ہے ۔ انہوں نے مرحوم قاسم علی سمیت گھر کے چار افراد کے انتقال کو متاثرہ خاندان کیلئے ایک بڑا صدمہ قرار دیا اورمقامی نظم کو ہدایت کی وہ متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس سانحے کے بعد متاثرہ خاندان کیساتھ کھڑی ہوتی اور ان کے دکھوں کا مداوا کیا جاتا تاہم سرکاری سطح پر متاثرہ خاندان کو بالکل نظر انداز کرنا حکومتی بے حسی کی عکاس ہے ۔