کراچی (نیوز ڈیسک / اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کراچی پریس کلب کے باہر صحافیوں پر پولیس تشدد پر مذمت کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے سینئر نائب صدر ناصر شیخ اور کراچی یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر شکیل یامین کانگا جنرل سیکرٹری صابر علی ایف ایس سی کے ممبر عمران پاٹولی اور عبداللہ سروحی نے کراچی پریس کلب کے باہر ایک تنظیم کے احتجاج کی کوریج کرنے والے صحافیوں اور کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ وزیر اطلاعات آئی ایف جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور صحافیوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں۔ ادھر صدر کے یو جے اعجاز احمد ،نائب صدر لبنی جرار ، ناصر شریف، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی سمیت ایگزیکٹو کونسل کے تمام ارکان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ رواداری مارچ کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے دوران پولیس نے کراچی پریس کلب کا تقدس پامال کیا۔ صحافیوں نے پریس کلب پہنچنے والے ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا کے سامنے بھی احتجاج ریکارڈ کروایا۔ ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا نے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کرنیوالے پولیس اہلکاروں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ شناخت بتانے کے باوجود جن اہلکاروں نے صحافیوں کے ساتھ ناروا کیا ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔