راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی، اتحاد و ترقی اور بہترین معاشرہ تشکیل دینے کیلئے حضور نبی کریمؐ کے اعلیٰ پاک فرمودات ہمارے پاس بہترین مشعلِ راہ ہیں۔ حضور نبی رحمتؐ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ ابنِ آدم ؑکے وجود کے اندر ایک گوشت کا لوتھڑادل ہے ۔ جب انسان کا دل پاک صاف ہو کر سنور جاتا ہے تو اس کا سارا وجود سنور جاتا ہے۔ دلوں کی پاکیزگی اور اطمینان کے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ جو کچھ ہماری زبانوں پر ہو وہی ہمارے دل میں ہو اور ہم ہر گز منافقت کا شکار نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔محفل کے اختتام پر پیر نقیب الرحمن نے اُمت مسلمہ اور بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی ،ترقی ،افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحادِ بین المسلین اور کشمیر، فلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔