• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول نے زراعت کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی مخالفت کر دی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زراعت کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب موسمیاتی تبدیلی زندگی اور موت کا سوال بن چکی ہے اس سے زیادہ احمقانہ مشورہ نہیں آسکتا کہ زرعی شعبے کو ڈی ریگولیٹ کردیں،زراعت کے شعبے کیخلاف سازش کا مقابلہ کیا جائے۔ پیر کو چیف منسٹر ہاؤس کراچی میں بینظیر ہاری کارڈ کی تقریب سے خطاب ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پورا کا پورا نظام خطرے میں ہے، اس ملک میں مافیاز، بڑے بڑے کاروباری طبقوں، صنعت کاروں اور بین الاقوامی قوتوں کی طرف زرعی شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی ایک بہت بڑی سازش چل رہی ہے، زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری ملکی ترقی کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کھاد فیکٹریوں کو سبسڈی فوری بند کی جائے، اربوں روپے کی سبسڈی کسانوں کو براہ راست دی جائے اور زراعت کے شعبے کے خلاف سازش کا مقابلہ کیا جائے۔