• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیراعظم کی ملاقات

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولووچینکو نے گزشتہ روزاسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (CHG) اجلاس کی سائیڈ لائینز پر دو طرفہ ملاقات کی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بیلاروس کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی اور "شنگھائی اسپرٹ" کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس سال جولائی کے اوائل میں آستانہ میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو ایک مثبت رفتار فراہم کی ہے، جسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری, مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ گولوو چینکو نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
اہم خبریں سے مزید