• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا حکومتی واتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ، آئینی ترمیم پراعتماد میں لیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم کا حکومتی واتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ ، آئینی تر میم پر اعتماد میں لیا،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی بھی شرکت ، وزیر قانون کی مسودے پر بریفنگ،وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، ممبران سینٹ کو26ویں آئینی تر میم کے بارے میں اعتماد میں لیا گیا۔ وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پر تمام رہنماؤں کو مبارکباد پیش کی۔ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا کامیاب انعقاد سفارتی میدان میں پاکستان کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے، پاکستان کی سفارتی پروفائل بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم ہوئی ، اجلاس سے پہلے چینی وزیراعظم کا انتہائی کامیاب دورہ ہوا، اجلاس کی کامیابی میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ، مہنگائی میں مختصر عرصے میں خاطر خواہ کمی آئی ،معیشت کے استحکام کی بدولت پاکستان نے 2025 کے اہداف کو 2024 میں ہی حاصل کر لیا، ترسیلات زر میں مستقل اضافہ ملکی معیشت کیلئے انتہائی خوش آئند ہے،ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے۔معیشت کے استحکام کیلئے سب نے قربانی دی، پہلے بھی بار ہا کہا کہ اپنے مخالفین کو ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کرکے جواب دینگے۔وزیرِاعظم نےاتحادی جماعتوں کے سینیٹ میں قائدین سے کہا کہ آپ سب نے سیاست کی قربانی دے کر خوب محنت کی، معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیاں اس کا نتیجہ ہیں، تمام سیاسی جماعتوں اور عوام نے قربانی دے کر اس ملک کو مشکلات سے نکالا،ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز شریک تھے۔ وزیراعظم نے آئینی ترمیم کے حوالے سے اراکین کو لیڈرشپ سے بات چیت بارے بریف کیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترامیم کے مسودے پر بریفنگ دی۔
اہم خبریں سے مزید