اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،خبر نگار خصوصی ،خصوصی نمائندہ) لاہور کے نجی کا لج میں طالبہ کیساتھ مبینہ زیادتی کیخلاف جڑواں شہروں میں بھی طلبہ سڑکوں پر آگئے اسلام آباد میں طلبہ کی بڑی تعداد نجی کالج بلیو ایریا کیمپس کے باہر پہنچ گئی، 26نمبر چونگی پر نجی کالج کے شیشے توڑ دئیے گولڑہ موڑ روڈ ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑا ، تھانہ کھنہ سروس روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک بند کر دی گئی ،پنجاب حکومت نے جمعہ کو تعلیمی ادارے بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،اسلام آبادمیں تعلیمی ادارے کھلے رہینگے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں آج جمعہ کو تما م سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تعطیل کا اعلان کیا گیاہے اس سلسلے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہوں کو کہا گیا ہے کہ حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ طلبہ نےنجی کالج کی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا اسلام آباد پولیس طلبہ احتجاج کو روکنے کیلئے سر گرم رہی، کئی طلبہ کو حراست میں لے لیا گیا ، مظاہرین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ، راولپنڈی میں احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کرنیوالے ساڑھے تین سو سے زیادہ افراد کو گرفتار کرلیاگیاگرفتار ہونیوالوں میں طلبہ کے علاوہ دیگر افراد بھی شامل ہیں ، جمعرات کی صبح نجی کالج کے مختلف کیمپسز کے طلبہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے مشتعل افراد نے مختلف مقامات پر واقع کیمپس کی عمارتوں کے شیشے توڑ دیئے، کالج فرنیچر اور دیگر سامان کو آگ لگا دی اور بعض مقامات پر کالج اساتذہ اور عملے کو یرغمال بھی بنا لیا،سسکتھ روڈ ،جہلم روڈ ،مورگاہ ،پشاورروڈ،ڈھوک گنگال،کھنہ پل کے قریب اور دیگر علاقوں میں طلباء اور پولیس میں آنکھ مچولی شروع ہوگئی اس دوران احتجاجی طلباء اور دیگر افراد نے توڑ پھوڑ کی اور پتھراؤکیا توپولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کااستعمال کیا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراؤ، شیلنگ اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ دن بھرجاری رہا ،کھنہ پل کے قریب واقع نجی کالج کےکیمپس پر طلبہ نے پتھراؤ کیا جس سے کالج کی عمارت کو نقصان پہنچا اورقریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔مظاہرین نےا یکسپریس ہائی وے کی سروس روڈ پر کالج کے سامان کو آگ لگادی ،جہلم روڈ کو احتجاجی مظاہرین نے ٹریفک کیلئے بند کردیا ، طلباء نے پشاور روڈ کیمپس کی عمارت کو نقصان پہنچایاگیٹ اور شیشے توڑ دیئے اور مورگاہ کیمپس کے سامنے پتھراؤ کیا اس دوران ایوب پارک چوک مکمل طور پر بلاک کردیاگیا ۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس اور مظاہرین میں تصادم بھی ہوا لیکن پولیس نے جلد مظاہرین کو منتشر کردیا، بارانی یونیورسٹی میں بھی طلباء نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی تاہم احتجاج یونیورسٹی کے اندر تک محدود رہابعدازاں احتجاجی طلبہ پر امن طور پر منشر ہوگئے ، راولپنڈی پولیس نے احتجاج کے حوالے سیکورٹی انتظامات کئے تھے نجی کالج کی برانچوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے قریب پولیس نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ شہر کے اہم مقامات لیاقت باغ،کمیٹی چوک ،چاندنی چوک، کچہری چوک ،سسکتھ روڈ ،پشاورروڈ ،کھنہ پل کے قریب بھی پولیس تعینات کی گئی تھی،میٹروسٹیشنزکی حفاظت کیلئے پولیس مامور تھی ، مظاہرین میں ایسے افراد بھی نجی کالج کے یونیفارم میں ملبوس تھے جنہیں کالج اساتذہ یا طلبا بھی نہیں جانتے۔ ایسے عناصر کالج کی لیب سے کمپیوٹرز اور دیگر قیمتی اشیا بھی اٹھا کر لے گئے،سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے بتایاکہ توڑ پھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ میں ملوث 350 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ادھرہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروںں میں عام تعطیل کی وجہ سے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام امتحان انٹر میڈیٹ سیکنڈ اینول 2024کے ہونیوالے آج 18اکتوبر جمعہ کو ہونیوالے پرچہ جات صبح کے وقت فزکس، آؤٹ لائن آف ہوم اکنامکس اور شام کے وقت فزکس، جغرافیہ ، اسلامک ہسٹری اینڈ کلچرکو ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان کے مطابق نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ آج جمعہ کو تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ اسلام آباد میں تعلیمی ادارے بند کرنے کےحوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں، شہری من گھڑت خبروں پر دھیان مت دیں۔