کراچی/لاہور/پشاور/فیصل آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کا مجوزہ آئینی ترمیم، عمران خان کی رہائی اور انکے ساتھ جیل میں مبینہ ناروا سلوک کیخلاف ملک گیر احتجاج کیا، پولیس نے 40 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا جبکہ مظاہرین منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں بس سروس معطل رہی۔ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی ہدایت پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے کراچی، لاہور، پشاور، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا کراچی کے علاقے صدر میں ریگل چوک اور ایمپریس مارکیٹ پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔ پولیس کی جانب سے کارکنان پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا ہے جبکہ منتشر کرنے کیلئے مظاہرین پر شیلنگ بھی کی گئی ہے۔