راولپنڈی،اسلام آباد(نمائندہ جنگ،خبرنگار) راولپنڈی میں احتجاج کے دوران حراست میں لئے گئے طلباء سمیت 300کے قریب نوجوانوں کو مقامی عدالتوں نے مقدمات سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا جبکہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے 14 طلباء کی 5،5 ہزار مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منطور،3کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ لاہور واقعہ کیخلاف احتجاج کرنے پر ان ملزمان کو راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے 17اکتوبر کو حراست میں لیا گیا تھا، پولیس اور وکلاء کا موقف سننے کے بعد عدالت نے تمام نوجوانوں کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا، پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس اور کچہری کے اطراف پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی اس موقع پر ان بچوں کے والدین اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔