کیا کوئی پتھر جاندار بھی ہو سکتا ہے؟ جی ہاں، ’لیتھوپس‘ Lithops نامی پودے کو ’کنکریوں والا پودا‘ یا ’زندہ پتھر‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ رس دار پودا قدرتی طور پر چھوٹے چھوٹے ‘پتھروں‘ کے اندر چھپا ہوتا ہے تاکہ کوئی اسے کھا نہ سکے۔ افریقہ کے جنوبی علاقوں میں پائے جانے والے اس پودے کو بنیادی طور پر ‘کیموفلاج پلانٹس‘ کہتے ہیں۔ جو دیکھنے میں پتھر جیسے ہی معلوم ہوتے ہیں۔
اس پودے کے دو پتے اور ایک انتہائی چھوٹا سا نہ نظر آنے والا تنا ہوتا ہے۔ اسے سخت موسم کے علاوہ کیڑے مکوڑے بھی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ اب تک لیتھوپس کی مختلف رنگوں اور شکلوں والی 37 اقسام اور 145 انواع دریافت کی جا چکی ہیں۔
کچھ تو دیکھنے میں بالکل چھوٹی چھوٹی کنکریاں ہی معلوم ہوتی ہیں۔ جب اندھیرا ہوتا ہے تو اس کے پتے پودے کو ڈھانپ دیتے ہیں۔ یہ پودا اپنے اندر پانی جمع کر لیتا ہے اور صحرائی علاقوں میں بھی یہ کئی ماہ تک پانی کے بغیر زندہ رہ سکتا ہے۔