ریاض (جنگ نیوز) سربیا کے اسٹار نوواک جوکووچ نے کورٹس پر طویل عرصے سے حریف رافیل نڈال سے درخواست کی کہ وہ کھیل کو چھوڑ نہ جائیں۔ برسوں سے ہماری مسابقت بہت شدید رہی ہے۔ بنیادی طور پر تمام کیریئر ان کے ساتھ کھیلا ہے، اینڈی مرے اور راجر فیڈرر کو بھی ریٹائر ہوتے دیکھا ہے۔ اب رافیل کو جاتے دیکھنا مشکل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب میں نمائشی ’’سکس کنگز سلم کپ‘‘ میں انہیں شکست دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ یاد رہے کہ 38 سالہ نڈال اگلے ماہ ملاگا میں ڈیوس کپ فائنل کے بعد ٹینس سے ریٹائر ہو نے کا اعلان کرچکے ہیں ۔ ایونٹ منتظمین نے اس میچ کو بطور پروفیشنل نڈال کا آخری سنگلز مقابلہ قرار دیا۔ 37 سالہ جوکووچ نے مزید کہا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ وہ ابھی بھی لڑ رہے ہیں۔