اسلام آباد ( نیو زر پورٹر)وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 26 ویں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری دیدی ہے ، اس میں چیف جسٹس کی تقرری کا طریقہ کار واضح کیا گیا ہے،چیف جسٹس کی تقرری کا اختیار وزیراعظم استعمال نہیں کریں گے بلکہ انہوں نے اپنا یہ اختیار پارلیمان کو تفویض کر دیا ہے۔ 12 رکنی کمیٹی نام فائنل کر کے وزیراعظم کو بھجوائے گی ۔چیف جسٹس ریٹائرمنٹ تک یا تین سال تک چیف جسٹس رہ سکیں گے۔ آئینی ترامیمی مسودے میں جے یو آئی کی پانچ تجویز کردہ ترامیم پہلے ہی موجود تھیں۔ وہ اتوار کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔