کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے، کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتارکرلیا،ملزم کی شناخت شکیل رفیق کے نام سے ہوئی،ملزم کو کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر سے گرفتار کیا گیا،ملزم کا تعلق لاہور سے ہے،ملزم کے خلاف کارروائی امریکی قونصل خانے کی درخواست پر عمل میں لائی گئی،ملزم نے سجاد نامی ایجنٹ سے جعلی دستاویزات حاصل کیں۔سجاد نامی ایجنٹ ملزم کا دوست بھی ہے۔ملزم نے سجاد نامی شخص سے 32 ہزار اماراتی درہم کے عوض معاملات طے کیے ،ملزم نے ابتدائی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے ادا کیے جبکہ بقایا رقم ویزہ لگنے پر ادا کرنا تھی،ملزم نے امریکی قونصلیٹ میں خود کو کرکٹ کلب کے ساتھ وابستہ ظاہر کیا۔ملزم نے کرکٹ کلب سے وابستگی کے حوالے سے جعلی دستاویزات پیش کی۔ملزم کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں رکھتا تھا،ملزم امریکی قونصلیٹ کے عملے کو دستاویزات کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا ،ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے،مقدمے میں نامزد ایجنٹ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔