• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجے جانے کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا، وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی نہایت شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم سے محلاتی سازشوں کا عہد ختم اور میثاق جمہوریت کا ادھورا خواب پورا ہو گیا‘۔

شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کیلئے منڈلاتے خطرات ختم ہو گئے ہیں‘ماضی میں محلاتی سازشوں کے ذریعے منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجے جانے کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے‘۔

ان کاکہنا تھاکہ آئینی ترمیم پارلیمان کی بالادستی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی‘ملک کا مستقبل مضبوط اور محفوظ ہوگا، ترمیم سے لاکھوں لوگوں کو انصاف کے حصول میں آسانی ہوگی۔

پیر کو قومی اسمبلی سے 26ویں آئینی ترمیم کی دوتہائی اکثریت سے منظوری کے بعد ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والی جماعتوں کے سربراہان کی نشستوں پر جاکر ان کا شکریہ ادا کرنے کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ایک نیا سورج طلوع اور نئی صبح ہوئی ہے ۔

 آج کسی منحرف رکن نے اس ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں ڈالا، ہم پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے، آج طے ہو گیا کہ پارلیمان بالا دست ہے۔ماضی میں پانامہ کے نام پر اقامہ کے بنیاد پر ایک وزیراعظم کو نااہل قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ بلاول بھٹو نے اس ترمیم کے لیے بے پناہ محنت کی، مولانا فضل الرحمان نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں اس پر اپنا نقطہ نظر دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر تحریک انصاف بھی اس ترمیم میں شامل ہوتی تو اچھا ہوتا۔

اہم خبریں سے مزید