اسلام آباد ( طاہر خلیل )سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دوتہائی اکثریت سے چیف جسٹس نامزد کردیا، جسٹس یحییٰ آفریدی 23جنوری 1965کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی گورنمٹ کالج لاہور سے گریجویشن جبکہ پنجاب یونیورسٹی لاہورسے ایم اے معاشیات کی ڈگری حاصل کی ،کامن ویلتھ سکالرشپ پر جیسس کالج کیمبرج یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی، جسٹس یحییٰ آفریدی نے 1990میں ہائیکورٹ کے وکیل کی حیثیت سے پریکٹس شروع کی، 2004 میں سپریم کورٹ کے وکیل کے طورپر وکالت کا آغاز کیا،خیبر پختونخوا کیلئے بطور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی خدمات سرانجام دیں، 2010 میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج ، 15مارچ 2012 کو مستقل جج مقرر کر دیا گیا، 30دسمبر 2016 کو پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف اٹھایا،28 جون 2018 کو سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔