کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی ، پیپلز بس سروس کیلئے 50 نئی بسیں خریدنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن منگل کو یہاں اپنے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ جس میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کمال حکیم دایو، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق،منیجر آپریشنز عبدالشکور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کیلئے 50 نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینئر وزیرنے ایس ایم ٹی اے اور دیگر متعلقہ حکام کو بسوں کی خریداری کیلئے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایات دیں۔