کراچی (بابر علی اعوان/اسٹاف رپورٹر) سروسز اسپتال کراچی میں چھ ماہ کے دوران صحت کی سہولتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ اسپتال کے ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ کی تزئین و آرائش و توسیع کے ساتھ اس میں دو نئے ڈینٹل یونٹ نصب کیے گئے ہیں جبکہ نئی او پی جی مشین نصب کی گئی ۔ اسپتال کے غیر فعال امراض چشم کے آپریشن تھیٹر کو فعال کر دیا گیا ہے جس میں نئی فیکو مشین اور آپریٹنگ مائیکرو اسکوپ لگایا گیا ہے جس سے موتیے کے آپریشن میں سہولت مل رہی ہے۔ فزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے اور اس میں الٹرسانک اور شارٹ ویو ڈایا تھرمی مشینیں لگائی گئی ہیں ۔ریڈیالوجی اور الٹراساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ کی تزئین و آرائش کی گئی ،نیو آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اینڈ کنٹرول روم بنایا گیا، ایک کمرہ مختص کرکے اس میں آئی ٹی کے آلات اور سی سی ٹی وی کمرہ لگا ئے گئے ہیں تاکہ نگرانی کی جاسکے، او پی ڈی اور مختلف شعبہ جات میں مریضوں و تیمارداروں کے لئے نئی کرسیاں نصب کی گئی ہیں ۔اس سلسلے میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاشق علی شیخ نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ سال اگست میں چارج سنبھالا تھا۔ اس دوران ان کی کوشش رہی کہ حکومت کی جانب سےسرکاری ملازمین کے علاج کے لئے اسپتال کو دی جانے والی خطیر رقم کا درست اور موزوں استعمال ہو سکے اسی سلسلے میں انہوں نے سہولیات میں اضافہ کیا ، اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کی طرف توجہ دی اور نئی مشینوں کی تنصیب کی جس میں انہیں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہواور سیکریٹری صحت ریحان اقبال بلوچ کی مدد اور تائید حاصل رہی جبکہ اسپتال کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور عملے نے بھی ان کا ساتھ دیا بالخصوص ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمائلہ قریشی اوراکاؤنٹس آفیسر وہاب اللہ یوسفانی نےفنڈز ریلیز کرانے ، تکنیکی مسائل حل کرانے اورمریضوں کے لئے ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔