• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزید فلسطینی طلباء کو سرکاری اخراجات پر مفت تعلیم دینگے، شہباز شریف

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں فلسطینی طلبہ کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید فلسطینی طلباء کو سرکاری اخراجات پر مفت تعلیم دی جائے گی،پاکستان فلسطینی طلباء کا دوسرا گھرہے ،کھلے دل سےخوش آمدید کہتے ہیں،145 طالب علم پہنچ چکے ، مزید کی مختلف شہروں میں میزبانی کرینگے، عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگ بندی کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، پاکستان کے عوام مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،غزہ اور فلسطین کے لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستانی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم فلسطینی طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ کے ذہین طلباء سے خطاب کرنا اعزاز کی بات ہے، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، کھلے دل سے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ان کے مصائب سے پاکستان سمیت پوری دنیا آگاہ ہے اور اس میں روز بروز شدت آ رہی ہے، مقبوضہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بہیمانہ مظالم جاری ہیں جس میں اب تک 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ، ہزاروں بچوں کو ان کی ماؤں کی گود میں شہید کیا گیا، کئی شہر تباہ کر دیئے گئے۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی برادری ابھی تک صرف قراردادیں، تقریریں اور وعدے کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، عالمی عدالت انصاف سمیت کسی بین الاقوامی فورم نے جنگ بندی کیلئے کچھ نہیں کیا، دنیا کی تاریخ میں اس سے پہلے اتنی تباہی نہیں ہوئی۔

اہم خبریں سے مزید