اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں جن کی بدولت اربوں ڈالرز کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان پہنچتا ہے،انہوں نے یہ بات گزشتہ روز بیرون ملک پاکستانی مشنز میں نئے تعینات ہونے والے کمیونٹی و لیبر ویلیفئر اتاشیوں سے ملاقات کے دوران کہی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے اطمینان ہے کہ آپ لوگوں کا تقرر ایک انتہائی شفاف عمل کے ذریعے ہوا ،وزیراعظم نے ہدایت دی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ، پاکستان کے مفادات کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھیں،بیرون ملک پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں۔ وزیراعظم نے ان افسروں کو ہدایت دی کہ پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کریں، پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے بھی مواقع تلاش کریں۔ افسران نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ اسٹیشنز کے حوالے سے اپنے لائحہ ء عمل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے افسران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔