• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP ضمنی بلدیاتی انتخابات کے حیران کن نتائج، قومی میڈیا نے اہمیت نہیں دی

پشاور(ارشدعزیز ملک )خیبرپختونخوا کے17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کوقومی میڈیا نے اہمیت نہیں دی اورسیاسی گرماگرمی میں بلدیاتی نتائج کی مناسب کوریج نہ ہوسکی ۔

صوبے کے عوام نے سیاسی جماعتوں کو مسترد کردیا جبکہ حکومتی جماعت تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواربھی بری طرح ناکام ہوئے جبکہ آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا۔

تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کا دعوی ہے کہ انھوں نے متعدد نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے لیکن آزاد ذرائع کا دعو ی ہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سات ٗاے این پی کے پانچ ٗمسلم لیگ ن کے دو ٗپیپلزپارٹی کے دو اورجماعت اسلامی کے ایک امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ 

پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، ڈی آئ خان، ٹانک، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کولائی پالس، سوات، شانگلہ، بونیر، دیر لوئر اور باجوڑ میں بھی ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوئےجس میں 3 لاکھ 45 ہزار، 604 رجسٹرڈ ووٹر تھے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 53 ویلج و نیبرہڈ کونسلز کی 54 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں دلچسپی نہیں لی اور قومی معاملات میں الجھے رہے ۔

 پشاورکے میئر حاجی زبیر کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے لئے اختیارات مانگتی ہے لیکن بلدیاتی نمائندو ں کو اختیارات منتقل نہیں کرتی ۔صوبے میں بلدیاتی ادارے مالی بحران کا شکار ہیں اورحکومت فنڈز فراہم نہیں کررہی ۔

انھوں نے کہا کہ ان حالات میں سیاسی جماعتوں اورعوام کی بلدیاتی انتخابات میں دلچسپی ختم ہوچکی ہے ۔

جنگ کے نمائندوں کے مطابق ایبٹ آباد میں چار نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جس میں دو آزاد اوردو تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوئے ۔اسی طرح کرک کی دونشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوئے۔کوہاٹ کی واحد نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔

اہم خبریں سے مزید