• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد بورڈ تنازع، وزیر تعلیم کا نوٹس، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بورڈز و جامعات محمد علی ملکانی نے حیدرآباد بورڈ میں انںٹر میڈیٹ کے نتائج میں تبدیلی کے معاملے پر چیئرمین بورڈ اور ناظم امتحانات کے ایک دوسرے پر سنگین الزامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری بورڈز و جامعات عباس بلوچ کو فوری حیدرآباد تعلیمی بورڈ جانے اور معاملہ حل کرکے زمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جنگ/دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائ وزیر بورڈز و جامعات محمد علی ملکانی نے کہا کہ انٹر کے نتائج میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی ہے بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے لہذا یہ طے کیا گیا ہے کہ اس معاملے سے فوری نمبٹا جائے چناں چہ سیکریٹری بورڈز و جامعات عباس بلوچ اس وقت حیدرآباد تعلیمی بورڈ روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ صورتحال کا جائزہ لیں گے اور دونوں فریقوں سے بات چیت کریں گے اور معاملہ حل کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انھوں نے کہا تمام تعلیمی بورڈز میں آئی بی اے کراچی سےسیکریٹری اور ناظم امتحانات کے عہدوں کے لیے امیدواروں کے ٹیسٹ کرانے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جس کے بعد پاس امیدواروں کو تلاش کمیٹی کے زریعے میرٹ پر منتخب کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چئیرمین حیدرآباد بورڈ ڈاکٹر احمد بروہی اور ناظم امتحانات نے اپنے طور پر انٹرمیڈیٹ کے علیحدہ علیحدہ نتائج تیار کیئے ہیں اور دونوں نے ایک دوسرے پر نتائج میں تبدیلیوں کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ چئیرمین بورڈ نے ناظم امتحانات کو کام سے روک دیا ہے اور ناظم امتحانات کے اختیارات ڈپٹی سیکریٹری کو دے دیئے ہیں جب کہ تین رکنی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ انٹر کے نتائج کس نے شفاف اور درست تیار کیئے ہیں اور کس نے نتائج تبدیل کیئے ہیں چیرمین بورڈ نے یا ناظم امتحانات نے؟
اہم خبریں سے مزید