• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، صرف رضوان اور بابر اے کیٹیگری میں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پونے چار ماہ کے سوچ و بچار کے بعد 2024-25 کے بین الاقوامی سیزن کیلئے 25 کھلاڑیوں کو ایک سال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کیٹیگری اے میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں ، شاہین آفریدی کی تنزلی ہوئی ہے۔ سابق کپتان شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ شان مسعود کی کٹیگری ان کی کپتانی سے مشروط ہے۔ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میں بیس وکٹیں لینے والے نعمان علی کی سی کٹیگری میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ ان کی فٹنس کا معیار کم تھا لیکن انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر انہیں سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔ امام الحق، اسامہ میر اور فخر زمان کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر سینٹرل کنٹریکٹ نہ مل سکا ۔ محمد نواز، عما وسیم، طیب طاہر، شاہنواز دھانی، محمد حارث، زمان خان، ارشد اقبال، حسن علی بھی کنٹریکٹس حاصل نہ کر سکے۔ فخر زمان دو مرتبہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوئے ۔ سرفراز احمد مینٹور بن کر سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوگئے ہیں۔ عبداللہ شفیق، حارث رؤف، ابرار احمد، صائم ایوب، ساجد خان، شاداب خان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا سی جبکہ عامر جمال، محمد وسیم جونیئر، محمد ہریرہ، میر حمزہ، خرم شہزاد، محمد علی، عثمان خان، عرفان خان نیازی، حسیب اللہ خان، عباس آفریدی اور کامران غلام کو ڈی کیٹیگری آفر کی گئی ہے۔ اس بار پانچ ایمرجنگ کرکٹرز کو بھی سینٹرل کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید