• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی وفاقی محتسب کے فیصلے پر عمل کرے، توصیف خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کی آرگنائزیشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے وفاقی وزیر تعلیم اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے پرو چانسلر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے اپیل کی ہے کہ وفاقی محتسب کے 56 کے قریب ریٹائرڈ ساتذہ اور عمال کی رقم میں سے واجبات کی ادائیگی کے فیصلہ پر عملدرآمد کے لیے فوری طور پر مداخلت کریں۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے وفاقی وزیر تعلیم کے نام ایک اپیل میں کہا ہے کہ وفاقی محتسب نے اساتذہ کی اپیل پر فیصلہ دیا ہے کہ یونیورسٹی کے اکاؤنٹ میں ڈپازٹ کیے گئے 50 کروڑ کے قریب رقم سے 56 کے قریب ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کے واجبات ادا کیے جائیں۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ اس فیصلہ پر عملدرآمد کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے 24 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں اس فیصلہ پر عملدرآمد کے معاملہ کو مؤخر کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ 30، 30 سال تک خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور عمال کے ساتھ بیہمانہ سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔ اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کو گزشتہ 3 ماہ سے پنشن ادا نہیں کی گئی۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے وفاقی وزیر تعلیم کو یاد دلایا ہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ ایک فیصلہ میں واضح کیا تھا کہ پنشن ہر ریٹائرڈ ملازم کا حق ہے، یہ خیرات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی انتظامیہ سپریم کورٹ اور وفاقی محتسب کی توہین کے جرم کا ارتکاب کررہی ہے۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے وفاقی وزیر تعلیم کو یاد دلایا کہ ریٹائر ہونے والے 56کے قریب اساتذہ اور عمال میں سے 5 کے قریب افراد انتقال کرگئے ہیں اور کئی ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال شدید بیماری میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور عمال کو باور کروایا کہ اگر انہوں نے ریٹائر ہونے والے اساتذہ اور عمال کی تحریک کی حمایت نہیں کی تو آئندہ انہیں بھی ریٹائر ہونے پر کسی قسم کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جاسکے گی۔

ملک بھر سے سے مزید