• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہلاک مغوی تاجر کی ریکی کا الزامِ، یو سی وائس چیئرمین گرفتار

حیدرآباد(بیورو رپورٹ)حیدرآباد پولیس نے لاڑکانہ میں پولیس آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مغوی تاجر حسن ناصر نظامانی کے اغوا کے لئے ریکی کرنے اوراغوا میں ملوث ہونے کے الزام میں تعلقہ دیہی کی یونین کونسل 69کے وائس چیئرمین ندیم ملاح اور اس کے ایک رشتہ دار شیرو ملاح کو گرفتار کرلیا ‘ تاہم پولیس کی جانب سے گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ورثا کی جانب سے ناصر حسن کی اغوا کاروں سے رہائی کے لئے پولیس کودی گئی 7کروڑ روپے کی رقم بھی پولیس نے غائب کردی ‘ ورثا کی جانب سے رقم کی واپسی کے مطالبہ پر پولیس نے رقم دینے سے انکارکردیا ۔ مغوی کے ورثا کو میڈیا سے رابطہ سے بھی روک دیاگیاہے ۔”جنگ“ نے جب اس سلسلے میں ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ لنجار سے رابطہ کی کوشش کی توان کافون وصول نہیں کیا جارہا تھا۔ مقامی میڈیا اورسوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ڈاکوؤں کوتاوان کی ادائیگی کے نام پر ناصر حسن کے ورثا سے 7کروڑ روپے کی رقم وصول کی تھی۔ گذشتہ روز بازیابی کے آپریشن کے دوران مغوی کی ہلاکت کے بعد ورثا نے حیدرآبادپولیس سے رقم طلب کی تھی لیکن پولیس اہلکاروں نے رقم کی ادائیگی سے انکار کردیا ہے۔ میڈیا کی جانب سے مقتول مغوی سے رابطہ کی کوششوں پرو رثا کا کہناہے کہ پولیس نے میڈیا سے بات چیت سے منع کیاہے اس لئے وہ کوئی بات چیت نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کے الزام میں گرفتار وائس چیئرمین یوسی 69ندیم ملاح کو ان کے گھر پرچھاپہ مارکر گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کے رشتہ دار شیرو ملاح کو بھی اس کی نشاندہی پر گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مغوی حسن ناصر کی موٹرسائیکل بھی برآمد کی ہے اور دونوں کوتفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے۔ پولیس دونوں ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق سے بھی گریز کررہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید