• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق سینیٹر مشتاق ودیگر پر تشدد و گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں،جماعت اسلامی

اسلام آباد( نیوز رپوٹر ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان صدر قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ ،نائب امیر میاں اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اور ان کے ساتھیوں پر اسلام اباد پولیس کا بہیمانہ تشدد اور بعدازاں گرفتاری اور تمام لوگوں کو جیل بھیجنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشتاق احمد خان اور ان کے گرفتار تمام ساتھیوں کو فوری طور پر رہا کریں۔ انہوں نے کہا فلسطین کے حق میں اسلام آباد میں پرامن احتجاج ہر شخص کا بنیادی آئینی اور جمہوری حق ہے، مشتاق احمد خان پُرامن احتجاجی مظاہرے کی قیادت کر رہے تھے، امریکن ایمبیسی کے سامنے احتجاج کرنا کوئی انوکھی بات نہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے حکمران امریکہ اور اسرائیل کی محبت میں اس قدر اندھے ہو چکے ہیں کہ وہ اپنے ہی لوگوں کا تشدد کر رہے ہیں ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر مشتاق احمد خان اور ان کے ساتھ گرفتار ساتھیوں کو رہا کریں ۔ ادھر نائب امیر جماعت اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں اہلِ غزہ فلسطینیوں کے حق میں اسلام آباد میں مظاہرہ کرنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر کارکنان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فی الفور رہا کیا جائے.
اسلام آباد سے مزید