کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ فریئرہال، باغ ابن قاسم، خالقدینا ہال اور کراچی کے دیگر تاریخی مقامات پر شہریوں کے لئے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا، چوتھے کراچی بائنل فیسٹیول میں ملک و بیرون ملک سے فنکاروں اور عمائدین کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے، بہت جلد شہریوں کے لیے ان تاریخی مقامات پر ہفتے میں تین دن ساز و آواز سننے کے مواقعے مہیا کئے جائیں گے جس سے شہر کی رونقوں میں مزید اضافہ ہوگا، یہ بات انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں بحیثیت مہمان خصوصی چوتھے کراچی بائنل فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی، کراچی بائنل ٹرسٹ کی مینیجنگ ٹرسٹی نیلوفر فرخ،کیوریٹر وحیدہ بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان کے علاوہ غیر ملکی سفارتکار، آرٹسٹ اور ممتاز شہری بھی موجود تھے، میئر کراچی نے شہریوں سے کہا کہ چوتھے کے بی فیسٹیول میں اپنی فیملی سمیت شرکت کرکے اپنے شہر کو اون کریں اور اس بات کا ثبوت پیش کریں کہ کراچی زندہ دل لوگوں کا شہر ہے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد د یتے ہوئے کہا کہ چوتھا کے بی فیسٹیول باغ ابن قاسم، فریئر ہال، این ای ڈی یونیورسٹی سمیت پانچ مختلف جگہوں پر منعقد ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رہنے والوں کو اس فیسٹیول سے محظوظ ہونے کا موقع ملے گا، فنکاروں، مصوروں اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی ہوگی، کراچی میں ہونے والے فیسٹیولز، علمی و ادبی کانفرنسز، کلچرل فیسٹیول اور سماجی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔