بغداد(آئی این پی )ایران حملے کیلئے فضا استعمال کرنے پر عراق اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ پہنچ گیا۔ حکومتی ترجمان باسم علوادی نے کہا کہ صیہونی ریاست نے خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کی جو قابل مذمت ہے ۔ فرانسیسی خبر رساں ا دارے کے مطابق حکومتی ترجمان باسم علوادی نے ایک بیان میں بتایا کہ عراق نے اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کو احتجاجی مراسلہ لکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خط میں کہا گیا ہے کہ26اکتوبر کو صیہونی ریاست کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے کیلئے عراقی فضائی حدود استعمال کیا گیا۔ خط میں عراق کی فضائی حدود اور خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کی مذمت کی گئی ہے۔ اسرائیل نے ہفتے کی صبح ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے تھے جبکہ اسرائیل کی ڈیفینس فورسز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے مہینوں سے جاری حملوں کے جواب میں ایسا کیا گیا۔