اسلام آباد ( رانا غلام قادر )دوسرا نکاح ثالثی کونسل سے اجازت بغیر کر نے پر سزا غیر شرعی ہے، اس قانون شریعت کے مطابق بنایاجائے، تین طلاقیں اکٹھی دینے پر سزا سے طلاق کی شرح کم ہو جائے گی ، تیز تر انصاف صرف سیاستدان اور امیرکو ہی ملتا ہے ، یہ تاثر زائل ہونا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ، ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے شریعہ اکیڈمی کے زیر انتظام ججز کے تر بیتی کورس کے شرکاء سے گفتگو میں کیا۔ زیر تر بیت ججز نے ڈاکٹر عطاء اللہ خلجی ، ڈائریکٹر شریعہ اکیڈمی کی سربراہی میں اسلامی نظر یاتی کونسل کا دورہ کیا۔ ڈاکٹرمحمد راغب نعیمی نے مز ید کہا کہ کونسل ایک اجتہا دی ادارہ ہے جو قانون ساز اداروں کو قانون سازی کے مختلف مراحل میں سفارشات پیش کر تا ہے ۔ احوال شخصیہ کے اعتبار سے کونسل کی سفارشات پر مبنی قانون سازی تنسیخ نکاح، طلاق اور خلع جیسے معاملات پر عدالتی فیصلوں کو بمطابق شریعت بنا سکتی ہے،تین طلاقیں اکٹھی دینے پر تعزیری سزا کے نفاذ سے ملک میں سے طلاق کی شرح یقینی طور پر کم ہو جائے گی ،قرآنی حکم کہ ما بین ازواج انصاف کیئےجانے کی تفصیلات متعین کی جا سکتی ہیں۔