کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد نے کہا کہ PIAمہاجروں کا دیا ہوا تحفہ ہے،اسے فروخت کرنے کی کوششیں ترک کرکے اسے واپس مہاجر صنعتکاروں کے حوالے کردیا جائے،اور حکومت اسکے انتظامی معاملات سے اپنے آپکولاتعلق کرلے تو مہاجر صنعتکار2سال میں اس قومی ادارے کو منافع بخش ادارہ بنادینگے، PIAکی فروخت کیلئے حکومت کی جانب سے کم سے کم بولی 85ارب مقررکی گئی جس سے کئی گنا کم صرف 10ارب کی واحد بولی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اس عظیم قومی ادارے کو سیاسی بنیادوں پرکارکنان بھرتی کرکے تباہ کردیا، ضرورت سے 10 گنازیادہ ملازمین کے بوجھ نے اس ادارے کو سفید ہاتھی بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی قومی ائیر لائن کو خریدنے میں متعددبار کوششوں کے باوجود پوری دنیاسے کسی نے اسے خریدنے میں دلچسپی نہیں لی۔ آفاق احمد نے کہا کہ اسٹیل مل سمیت قومی اداروں کی تباہی کی ذمہ دار مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ہیں جنہوں نے اپنے اپنے دور حکومت میں میرٹ کا قتل کیا۔