اسلام آباد (فاروق اقدس) قومی ایئر لائن کی فروخت کے حوالے سے پیدا ہونے والی مایوس کن صورتحال کے پیش نظر حکومت نے فی الوقت اس ضمن میں پیشرفت کو التواء میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم خیبرپختونخوا کی حکومت نے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پیشرفت کی ہے اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ کی جانب سے وفاقی وزارت نجکاری کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ ہم کسی ملکی یا غیرملکی نجی ادارے کے پاس یہ قومی سرمایہ نہیں جانے دیں گے اور 10 ارب روپے کی بولی سے زیادہ رقم دیکر قومی ایئر لائن حاصل کریں گے۔ اس پیشکش کے حوالے سے وزارت نجکاری سے رابطہ کرنے پر ایک ذریعے نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر اسے ’’سیاسی پوائنٹ سکورنگ‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے غیر سنجیدہ طرزعمل کے پیش نظر ان کی اس پیشکش پر کوئی تبصرہ بھی نہیں کیا جاسکتا۔ یہ قومی ایئر لائن کا معاملہ ہے اس میں سیاسی انداز سے مداخلت مناسب طرزعمل نہیں ،البتہ اگر خیبرپختونخوا سے سنجیدگی کے ساتھ کوئی اچھی پیشکش آتی ہے تو اس پر لازماً غور کیا جائے گا ، وزارت نجکاری کو کے پی کے حکومت کی جانب سے کوئی ایسا خط موصول نہیں ہوا جب ایسی کوئی تحریری پیشکش ملے گی پھر دیکھا جائے گا۔