اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیراعظم شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفدنے شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی سربراہی میں ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے مسائل کے پرامن حل اور تعاون پر مبنی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور نئے افق تلاش کرنے کے لیے اعلی سطح کے دوروں کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیاہےجبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ قطر اور سعودی عرب کے دوران مفید ملاقاتیں ہوئیں، قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا ‘ قطر کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا‘دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 اور مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 80کروڑ ڈالر ہو گیا‘ وزیراعظم کااقتصادی ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے‘خیبر پختونخوا حکومت کی انسداد دہشتگردی پر کوئی توجہ نہیں، صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم کے دورہ قطر کے حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے امیری دیوان، دوحہ میں ملاقات کی ‘ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات کی گئی جس میں سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔