کراچی ( ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )ایم ڈی کیٹ امتحان کا پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کے دوران طلب کیے گئے 96 طلباء سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوئے۔ایف آئی اے کی جانب سے 190 اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے 150 سے زائد طلباء کو پیش ہونے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔جاری نوٹسز کے ذریعے طلب کردہ طلباء سائبر کرائم سرکل میں تفتیشی افسرکے سامنے پیش ہوئے ۔ایف آئی اے کے مطابق اب تک 96 طلباء ایف آئی اے میں پیش ہو چکے ہیں جنہوں نے ذاتی کوائف پر مبنی پروفارما تفتیشی افسر کے پاس جمع کرایا۔طلباء کو امتحان کا سوالنامہ لیک ہونے کے بارے میں تحقیقات کے لئےآئندہ ہفتے دوبارہ بلایا جائے گا ۔واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں لیک پرچے کے حوالے سے تحریری شکایت پرانکوائری شروع کی گئی تھی اور سندھ کے مختلف اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈز سے تعلق رکھنے والے طلباء کو تحقیقات میں پیشی کے لئے بلایا گیا تھا۔