کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما مسلم لیگ ن ، سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بات ٹرمپ تک لے آئی ہے کہ وہ آئے گا اور ہمیں چھڑائے گا،سینئر رہنما جے یو آئی، سینیٹر کامران مرتضیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کی طرف جانے کی بات ابھی قبل از وقت ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے مولانا کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے،نمائندہ جیو نیوز، شبیر ڈار نےکہا کہ عمران خان گزشتہ دو دنوں سے مکمل خاموشی اختیارکئے ہوئے ہیں۔دو دن سے نہ ہی وہ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں اور نہ ہی جج صاحب کے پاس جارہے ہیں نہ ہی روسٹرم میں جارہے ہیں جو ان کا کمرہ عدالت میں معمول ہوتا ہے۔ سینئر رہنما مسلم لیگ ن ، سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ کوئی ڈیل یا انڈر اسٹیڈنگ نہیں ہوئی ہے یہ حکومت کا اعتماد ہے۔ یہ ہا رچکے ہیں لڑائی بڑی لمبی ہوئی ہے یہ عدم اعتما دسے شروع ہوئی ۔ پی ٹی آئی بات ٹرمپ تک لے آئی ہے کہ وہ آئے گا اور ہمیں چھڑائے گا۔پی ٹی آئی نہ انقلاب لا سکی اور نہ تحریک چلاسکی۔احتجاج کامیاب نہیں ہوا ان کی مرضی نہیں چلی۔حکومت نے کسی کو اندر رکھنا ہو تو ان کے پاس سو ایسی چیزیں ہیں کہ وہ کرسکتی ہے۔ ان کی رہائی اور نہ ان کی گرفتاری حکومت کا اعتماد ہے۔26 ویں ترمیم کے بعد ہم سیاسی طور پر بھی پر اعتماد ہیں۔پی ٹی آئی اپنے تمام اہداف میں ناکام ہونے کے بعد مایوس ہے۔ڈیل کی بات کرکے یہ لوگ اپنے لوگوں کو امیددیتے ہیں۔ان کا لاہوری گروپ کچھ کہتا ہے سمجھ ان کو نہیں آرہی۔ان کے اندر بہت تقسیم ہے ۔پی ٹی آئی میں بہن کچھ کہتی ہے اور بھابھی کچھ اور کہتی ہے۔سیاسی استحکام بڑی جان جوکھوں سے حاصل کیا گیا ہے۔اس سیاسی استحکام کو کسی صورت بھی نہیں جانے دیں گے۔پاکستان میں اچھی خبریں آنا شروع ہوئی ہیں۔ کون بیانئے سے پیچھے ہٹ رہااور یہ افواہیں پھیلا رہا ہے کہ ان کی ڈیل ہونے جارہی ہے ۔یہ اپنی فیس سیونگ چاہتے ہیں تاکہ ان کی پارٹی بچ سکے۔یہ اس وقت ہارے ہوئے اور مایوس ہیں۔ کون پیچھے ہٹ رہا ہے وہ جو کہتا تھا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا۔سینئر رہنما جے یو آئی، سینیٹر کامران مرتضیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کی طرف جانے کی بات ابھی قبل از وقت ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے مولانا کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔