• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم امہ بیدار ہو اور غزہ کے مظلوموں کی مدد کرے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

حیدرآباد(بیورو رپورٹ)جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کوہ نور چوک حیدرآباد میں لبیک یافلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ بیدار ہو اور غزہ کے مظلوموں کی مدد کرے پاکستان کے غیور عوام کے دل فلسطینی عوام کیساتھ دھڑکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ہم عملی کردار ادا نہیں کرسکتے تو کم ازکم اسرائیل کی مصنوعات کا بائیکاٹ ضرور کریں، مسلم حکمراں بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ،ہم گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے، حکومت پاکستان او آئی سی کا اجلاس بلا کر مظلوم فلسطینیوں کی دادرسی کے عملی کردار ادا کرے۔ پیر غلام محمد سوہو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ظالم کیخلاف صدائے حق بلند کرنے کا وقت ہے۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل شبیر احمد میثمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا جو اللہ کی مدد کرتے ہیں اللہ ان کی مددکرتا ہے ہمیں چاہئے کے غزہ کے مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں۔ حماس کے رہنما خالد قدومی نے ٹیلفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین نے اسرائیل کی طاقت کو بے نقاب کردیا ہے غزہ کے چھوٹے سے علاقے میں ایک سال سے بمباری کرنے کے باوجود وہ کامیاب نہیں ہوا اس کے تمام تر عزائم اب بے نقاب ہو چکے ہیں اسرائیل جنگ ہار چکا ہے اور اب جنگی جرائم کر رہا ہے مجاہدین اسرائیل کی بربادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات عاجر دھامر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے مسلمانوں کی طرح پاکستان اور حیدرآباد کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنما ابو مریم صابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم زندگی کی آخری سانس تک فلسطینی عوام کی حمایت کرتے رہیں گے یہ جدوجہد ختم نہیں ہوگی۔ جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما طاہر مجید راجپوت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ زبیر اور ان کی ٹیم نے فلسطینی عوام کے لئے آواز بلند کی حسن نصراللہ، اساعیل ہانیہ نے بے مثال جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیاہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے ایم پی اے راشد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا تاج محمد ناہیوں نے کہا کہ اب وقت مذمتوں کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کاہے۔ مرکزی مسلم لیگ سندھ کے رہنما خالد سیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں،جماعت اہلسنت حیدرآباد ڈیڑون کے صدر قاری احمد علی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔
اہم خبریں سے مزید