کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں سے کچرا ٹیکس کے نام پر مزید کسی رقم کو بٹورنے کی تجویز یکسر مسترد کرتے ہیں اور اس کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔ سندھ حکومت کراچی والوں کا خون نچوڑ رہی ہے۔ پہلے ہی شہریوں سے طرح طرح کے ناموں پر ٹیکس لیا جارہا ہے، لیکن شہر روز بروز بدترین حالت کی طرف جارہا ہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ناکام ونااہل ڈائریکٹر پرائیویٹ کمپنیوں کو اربوں روپے ادائیگی کے باوجود شہر کی صفائی کے نظام میں مکمل ناکام ثابت ہوئے ہیں ان کو تو برطرف کیا جانا چاہیے، بجائے اپنی بدترین کارکردگی پر شرمندہ ہونے کے وہ شہریوں پر نیا ٹیکس نافذ کرنے کی تجاویز دے رہے ہیں۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے اپوزیشن لیڈر کے دفتر میں شہر کے بلدیاتی امور کی ہفتہ وار جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین، یوسی چیئرمین امید علی قاضی، محمد ابرار اور کوآڑڈینیٹر اپوزیشن لیڈر نعمان الیاس و دیگر بھی موجود تھے۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ کھربوں کے پروجیکٹس میں وزراء اور سرکاری افسران کی چاندی ہورہی ہے ہر پروجیکٹ میں گاڑیاں، شاندار دفاتر اور دوسرے لوازمات سب سے پہلے پورے ہوتے ہیں لیکن شہریوں کو کچھ بھی نہیں ملتا۔