پشاور(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے دو ارکان اسمبلی ، پارٹی کارکنوں اور سرکاری ملازمین کو رہا کردیا گیا جن میں پولیس ، ریسکیو اور دوسرے محکموں کے ملازمین شامل ہیں ،اسمبلی آمد پر رہائی پانے والے ارکان ملک لیاقت اور انور زیب خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور حکومتی و اپوزیشن ممبران نے انہیں گلے لگاکر مبارک باد دی جبکہ وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور نے گرفتار سرکاری ملازمین کیلئے ون سٹیپ پروموشن اورایک ہفتے کی چھٹی کی اجازت دیکر 10 ہزار روپے وظیفہ بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چار اکتوبر کے ڈی چوک احتجاج کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی کے دو ارکان معاون خصوصی ملک لیاقت اور انور زیب خان سمیت درجنوں کارکنوں اور سرکاری ملازمین کو گرفتار کرکے سرکاری مشینری کو قبضہ میں لیا گیا تھا ، جمعرات کی شب ایم پی ایز سمیت تمام گرفتار افراد کو اٹک جیل سے رہا کیا گیا ۔