لندن(جنگ نیوز، آئی این پی)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے صوبہ پنجاب کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی خریداری کا عندیہ دے دیا۔ لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پی آئی اے خریدنے پر غوروخوض کررہی ہے۔نوازشریف نے بتایا کہ پنجاب حکومت کو تجویزدی ہے کہ پی آئی اے خریدلیں یاکوئی نئی ایئرلائن شروع کریں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کے لئے 40سے 50ارب روپے دیاگیا، آپ لوگوں نے خیبرپختونخوا میں پبلک ویلفیئر کے لئے کیا کیا؟نواز شریف نے نیویارک میں ن لیگ کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں ان لوگوں کی حکومت کا گیارہواں یابارہواں سال چل رہاہے، خیبرپختونخوا کے عوام ان لوگوں سے نہیں پوچھتے کہ آپ ملک کو تو چھوڑیں آپ نے ہمارے صوبے کے لئے کیاکیاہے۔ کام کرنا اوربات اور صرف باتیں کرنا اوربات ہے ، ان لوگوں نے صرف لوگوں کے اخلاق کو بگاڑا ہے اور لوگوں کو بدتمیزی کاکلچر سکھایاہے، جب میری حکومت تھی اس وقت صرف 104روپے کاڈالر تھااورانٹرسٹ ریٹ سواپانچ فیصدتھا، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلندسطح پر تھے ، آئی ایم ایف کو ہم نے خداحافظ کہہ دیاتھا، اوریہ لوگ اسے واپس لیکر آگئے۔نوازشریف نے کہا کہ ہم ترقی کی شرح کو 5.8کے ریٹ پر لیکر گئے تھے اورہمارا پروگرام اسے 7فیصد پر لیکرجاناتھا، لیکن ہمارا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا، یہ لوگ ڈالر کو اوپر لے گئے اورانٹرسٹ کو 22سے 23فیصد پر لیکر گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بالکل زمین پر آگئے ، ان لوگوں نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیا، ان لوگوں نے پاکستان کے اندر ترقی کاکوئی منصوبہ نہیں لگایا۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے آج خان صاحب ایک منصوبہ بتادیں کہ انہوں نے یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی کے لئے شروع کیاہو، پاکستان میں سب سے پہلے موٹروے کی بنیاد مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے رکھی، سب سے آخری موٹروے بھی مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے بنائی ہے۔