اسلام آباد(صباح نیوز) سابق خاتون اول بشری بی بی کی توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت منظوری کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ضمانت منظوری کا فیصلہ غیرقانونی اور ریکارڈ کے برخلاف ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ ضمانت بعد ازگرفتاری کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ہائیکورٹ نے بشری بی بی کیخلاف مقدمے کو ٹھیک سے نہیں سمجھا۔ ہائیکورٹ نے ضمانت دیتے ہوئے یہ مدنظر نہیں رکھا کہ استغاثہ کے پاس یہ شواہد ہیں کہ بلغاری جیولری سیٹ کو توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا گیا،سپریم کورٹ ایک فیصلے میں یہ اصول طے کر چکی ہے کہ خاتون ہونے کے باوجود اگر کسی کا کریمنل ریکارڈ ہے تو اسے ضمانت نہیں مل سکتی۔