اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 26 آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرے گی، وکلاء سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے۔ حکومت نے آئینی ترمیم سے عدلیہ پر قبضہ جمانے کی کوشش کی، یقین ہے یہ قبضہ آج نہیں تو کل ختم ہوجائے گا،27 ویں ترمیم کا شوشہ عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔پٹرولیم لیوی اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کرکے معیشت میں بہتری کے دعوے جھوٹ ہیں،عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی، یہاں اضافہ کردیا گیا، حکومت پٹرول کی قیمتوں میں کم ازکم100روپے فی لٹر کمی کرے۔ بجلی کا ٹیرف اور پٹرول کی قیمت میں کمی کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی و صوبائی قیادت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، تنظیمی امور، ممبر شپ کمپین اور حق دو تحریک کے امور زیربحث آئے۔ امیر جماعت نے مستونگ میں دہشت گرد حملہ کی پرزور مذمت کی ،انہوں نے کہا ظالم اشرافیہ نے عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑدیا ہے،بدقسمتی سے ہمارے یہاں اسٹیبلشمنٹ اور اشرافیہ اپنے آپ کو ریاست سمجھتی ہے، اسلامی نظام قائم ہو گا تو عوام کی رائے اور عدل کی بنیاد پر ہو گا۔