• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر مہر علی شاہ نے زندگی ختم نبوت کا پہرہ دیتے ہوئے گزاری، گورنر پنجاب

راولپنڈی، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیر مہر علی شاہ نے ساری زندگی ختم نبوت کا پہرہ دیتے ہوئے گزاری ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت کا اعزاز ہے کہ اس نے ختم نبوت کے مسئلہ کو 1973 کے آئین کی مدد سے پاکستان میں ہمیشہ کیلئے حل کر دیا ہے اور ہماری پارٹی کا ختم نبوت پر وہی عقیدہ ہے جو پیر مہر علی شاہ اور دیگر مذہبی اکابرین کا تھا۔ یہ بات انہوں نے دربار گولڑہ شریف میں ختم نبوت کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی لائبریری کے علاوہ پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں میں پیر مہر علی شاہ کی ختم نبوت کے حوالے سے تصانیف رکھی جائیں گی۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے خطیب پارلیمان قاری احمد الرحمان سے ملاقات کی اور بعض معاملات پر مشاورت کی۔ گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ پنجاب میں جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری ہوچکی، وزیراعلیٰ مریم نواز سے کوئی مسئلہ نہیں اب تقرریاں ہوچکی ہیں جامعات کو درپیش مشکلات میں کمی کے لئے ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ پنجاب کی اصل شناخت کوئی سیاسی خاندان نہیں بلکہ عام سیاسی کارکناں ہیں گورنر ہاؤس کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ یہاں آنے والے سب میرے مہمان ہیں۔ گورنر پنجاب نے اپنے حلقہ کے حوالے سے کہا کہ ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ، پنڈی گھیب اور جنڈ کو تعلیم سمیت ہر شعبے میں نظر انداز کیا گیا، اب ہماری بھرپور کوشش ہے کہ محرومیوں کو دور کیا جائے۔ سردار سلیم حیدر نے ضلع اٹک میں پنجاب یونیورسٹی کے دو کیمپس اور ایک وویمن یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ گورنر سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے فرقہ واریت کا خاتمہ، اتحاد کی فضا قائم کرنا لازم ہے۔
اسلام آباد سے مزید