کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی معاش تعلیم صحت ٹرانسپورٹ سمیت تمام شعبوں میں شہری علاقوں کے ساتھ تعصب برت رہی ہے، عمران نیازی کی رہائی کے لیے اپنے صدر کو خط لکھنے والے کانگریس ارکان دو ماہ پہلے عالمی دہشت گرد نتن یاہو کے لئے تالیاں بجا رہے تھے، عمران نیازی کے برادرِ نسبتی گولڈ اسمتھ گذشتہ ماہ میں ٹویٹ کرتے ہیں کہ اسرائیل ہماری امیدوں کی آخری کرن ہے اور یہاں اس کے بہنوئی کو مسلم امہ کا لیڈر ثابت کیا جارہا ہے وہ اتوار کی شب مرکزی انتخابی دفتر پاکستان سے متصل سڑک پر سوشل میڈیا ٹیم سے منسلک ذمہ داران و کارکنان کا اِجلاس سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کی پچھلے چالیس سالوں کی تاریخ انگنت نشیب و فراز سے عبارت ہے، کوٹہ سسٹم نافذ کرنے والوں کے خلاف ایم کیو ایم نے علم بغاوت بلند کیا مگر آج کوٹہ سسٹم اپنی مزید بدترین شکل میں موجود ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے لوگ اپنا جھوٹ بیچ رہے ہیں جس سے ملک میں انارکی اور انتشار کی کیفیت پیدا ہورہی ہے۔ سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ طلباء تنظیمِ سے سیاست کا آغاز کرنے والی دُنیا کی واحد جماعت ایم کیو ایم ہے، آج بھی پکڑ دھکڑ کر کے نہیں بلکہ خود اپنی مدد آپ کے تحت تمام لوگ یہاں بڑی تعداد میں موجود ہیں نچلی سطح اور مڈل کلاس طبقے سے لوگوں کو ایوانوں میں بھیجنا بھی ایم کیو ایم کا ہی طرہ امتیاز ہے۔