• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہدہ اور گردو نواح میں صفائی کے موثر انتظامات کیے جائیں ،ہدہ کونسل

کوئٹہ ( پ ر)ہدہ کونسل کے بیان میں ہدہ میں صفائی کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں، جو نہ صرف علاقے کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں بلکہ مختلف بیماریوں کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ اس مسئلے نے نہ صرف مقامی آبادی کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے بلکہ یہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔بیان میں کہاگیا کہ گندگی اور غلاظت نہ صرف ماحول کو آلودہ کر رہا ہے بلکہ اس سے بدبو اور تعفن بھی پھیل رہا ہے، جو مقامی لوگوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ ان کچرے کے ڈھیروں میں زیادہ تر بوسیدہ کھانا، پلاسٹک، اور مختلف قسم کے فضلات شامل ہیں، جن سے جراثیم اور مچھر پیدا ہوتے ہیں، جو مختلف بیماریوں جیسے ڈینگی، ملیریا اور گیسٹرو وغیرہ کے پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔ یہ صورتحال علاقے کے بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے خاص طور پر خطرناک ہے۔ بیان میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے انتظامات کو ناکافی اور ناقص قراردیتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ ہدہ اور گردو نواح میں صفائی کےلیے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں ۔کچرے کے ڈھیر اٹھا دیئے جائیں۔ صفائی اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے فوری طور پر جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے کا عمل شروع کیا جائے۔ شہری انتظامیہ کے عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور صفائی کے انتظامات کو موثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید