کوئٹہ ( پریس ریلیز ) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کے امیدوار برائے صدارت پروفیسر ڈاکٹر جمیل آغا اور پروفیسر جلیل سرپرہ امیدوار برائے جنرل سیکرٹری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ معاشرے میں زوال و پستی کی روک تھام اوربہترین انسانوں کے لیے کردارسازی کا فریضہ استاد ہی سرانجام دے سکتا ہے جبکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ سازگار حالات کار کے علاوہ ان کی عزت و تکریم کا خیال رکھا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر جمیل آغا نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اور عدم استحکام کے خاتمے کے لیے معاشرے کا ہر باشعور فرد بالعموم اور اساتذہ بالخصوص اپنا کردار ادا کریں۔ کالج اساتذہ گذشتہ برسوں کے دوران کم ترین وسائل کے باوجود جس جانفشانی اور محنت سے نوجوان نسل کو معاشرتی خدمت کے لیے تیار کررہے ہیں اس کے مقابلے حکام بالا کی طرف سے مجرمانہ عدم توجہی مطلوبہ نتائج کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے سے مقتدر حلقوں کی جانب سے مختلف فورمز بالخصوص سوشل، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر اساتذہ کے خلاف ہرزہ رسائی کا شرمناک عمل دہرایا جا رہا ہے۔ بلوچستان کی اعلیٰ روایتوں کے امین معتبرین اور سیاسی و سماجی اکابرین نے جس انداز سے مشکل وقت میں اساتذہ کا بھرپور ساتھ دیا وہ قابل تحسین ہے۔ ڈاکٹر جمیل آغا نے کہا کہ اساتذہ برادری اور علم دوست حلقے ان تعلیم دشمن چہروں کو کبھی نہیں بھولیں گے بلکہ ہر بار کی طرح کسی بھی قسم کی مہم جویانہ اور جھوٹ پر مبنی پرپیگنڈہ کا انتہائی حد تک ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یکجہتی پینل انتخابی عمل کے علاوہ یہ بھی عہد کرتی ہے کہ ہم اپنے فرائض میں کمی نہ لانے کی پالیسی پر کاربند رہتے ہوئے اپنے اپنے کالجز میں سماجی و سائنسی علوم کی ترویج میں کردار ادا کرنے کو اپنا شعار بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چارسالہ بی ایس پروگرام کے فوائد کو بلوچستان کے تمام طلباء و طالبات خصوصا غریب و نادار طلباء تک پہنچانا ہمارا مشن ہے۔