اسلام آباد (نمائندہ جنگ )قومی اسمبلی اور سینیٹ نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت 3سے بڑھاکر 5سال ‘سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 34 ‘ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کرنے اورسپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجربل 2024ء سمیت 6 ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلئے ‘قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور 6 بلز پر دستخط کر دیے جس کے ساتھ ہی تمام بلز قانون بن گئےہیں ‘ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہان کی مدت ملازمت میں توسیع پالیسیوں کے تسلسل کے لئے کی گئی ہے ‘ہم افرادکی بجائے اداروں کو طاقتور بنارہے ہیں ۔ادھر آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے تحت پاکستان کی بری فوج میں جنرل کی ریٹائرمنٹ کے قواعد کا اطلاق آرمی چیف پر نہیں ہو گا، تعیناتی، دوبارہ تعیناتی یا ایکسٹینشن کی صورت آرمی چیف بطور جنرل کام کرتا رہے گا۔