کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے کراچی کے عوام سے میونسپل ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے بیان پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ کراچی کے عوام صرف ٹیکس دینے کے لیے ہیں؟ ان کے مسائل اور مشکلات کو ن حل کرے گا ، کے الیکٹرک کے ذریعے زبردستی میونسپل ٹیکس وصول کرنے والے قابض میئر پہلے یہ بتائیں کہ کراچی جو پہلے ہی صوبے اور وفاق کو اربوں روپے کا ٹیکس دے رہا ہے وہ رقم کہاں جاتی ہے؟ شہر بھر سے وصول کی جانے والی چارجڈ پارکنگ اور بل بورڈز سے حاصل ہونے والی آمدنی کہاں خرچ ہوتی ہے؟ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذریعے بھی عوام سے ٹیکس وصول کرنے کے باوجود شہریوں کو ان کے گھروں کے نلکوں میں پانی کیوں نہیں ملتااور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث شہر بھر میں جگہ جگہ گٹر اُبلتے رہتے ہیں اور گندا پانی جمع رہتا ہے، قابض میئر شہر میں گٹر کے ڈھکن تک پورے نہیں لگا سکے، کراچی کے عوام سے پہلے ہی طرح کے طرح کے ٹیکس وصول کیے جارہے ہیں اور حال ہی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے کچرا ٹیکس وصول کرنے کا عندیہ بھی دیا جا چکا ہے۔