اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعلامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میںکہا ہے کہ ۔ آئیے آج عہد کریں کہ ہم سب اقبال کی تعلیمات کو مجسم کرکےعمل کرینگے، نئی امید اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ یوم اقبال کے اس پرمسرت موقع پر میں پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو ایک صاحب بصیرت شاعر، فلسفی اور ایک بلند پایہ شخصیت تھے۔ علامہ اقبال کے افکار اور تحریروں نے نہ صرف پورے برصغیر، وسط ایشیاء بلکہ پوری دنیا پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ اقبال کے فلسفے نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی علیحدہ شناخت کا ادراک دے کر ایک علیحدہ وطن کا خواب روشن کیاجس کے نتیجے میں وطن عزیز پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔