لاہور (نمائندہ جنگ) بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی 2025کیلئے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔بھارت نے پاکستان کی نرم پالیسی، کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھنے کی خواہش اور بیانات کے باوجود پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہفتہ کے روزبھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا، کرکٹ پر کام کرنے والی عالمی ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو نے رپورٹ جاری کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کا یہ فیصلہ19مارچ 2025میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کی منصوبہ بندی میں ایک اور پیچیدگی پیدا کریگا۔رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک نیا انتظام کرنا ہوگا، جس میں ممکنہ طور پر ’ہائبرڈ ماڈل‘ شامل ہوگا جس میں ٹیمیں پاکستان میں کچھ میچ کھیلیں گی اور دیگر دوسرے مقام پر کھیلیں گی۔ متحدہ عرب امارات کو پاکستان سے قریب ہونے کی وجہ سے اسے متبادل مقام کے لیے اولین ترجیح سمجھا جا رہا ہے جبکہ سری لنکا پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔